اہم خبریں

وزیراعظم کا بڑا ایکشن،ایف بی آر کو اہم ہدایات جاری

وزیراعظم کا بڑا ایکشن،ایف بی آر کو اہم ہدایات جاری

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم سے ملک بھر کی تاجر برادری نے ملاقات کی، وزیراعظم نے 15 جون تک ٹیکس ریفنڈز طے کرنے اور پرال کا دفتر کراچی منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک بھر کے ایوان صنعت و تجارت کی اعلیٰ قیادت کے وفد نے ملاقات کی، جس میں آئندہ وفاقی بجٹ، صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور معیشت کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کی مسلسل محنت اور موثر پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے اور اب تیز رفتار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ بجٹ میں صنعتی پیداوار اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ہدایت کی کہ ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیر التوا کیسز 15 جون تک حل کیے جائیں تاکہ تاجر برادری کو درپیش مشکلات دور کی جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات کی قیادت میں اقتصادی ترقی حکومت کا بنیادی مشن ہے اور اجتماعی کوششوں سے اس مقصد کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے اس حقیقت کا بھی خیر مقدم کیا کہ پالیسی ریٹ میں حالیہ اضافے کے باوجود بینکوں نے جون 2027 تک ایکسپورٹ ری فنانس اسکیم کی شرح 4.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے برآمد کنندگان کو سہولت ملے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کاروباری برادری کی سہولت کے لیے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) کا ہیڈ آفس کراچی منتقل کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
مزید پڑھیں‌:چلاس میں المناک سانحہ،متعدد جانوں کے ضیاع کی اطلاعات

متعلقہ خبریں