ساہیوال ( اے بی این نیوز)ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) ساہیوال نے ٹیکس قوانین کے نفاذ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے معروف فوڈ چین چیزیئس(Cheezious) سے 40 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کرا دیے۔
ریونیو ڈویژن کی جانب سے 30 مئی 2026 کو جاری بیان کے مطابق انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 175C کے تحت کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب مانیٹرنگ ٹیم نے رپورٹ کردہ اور حقیقی فروخت کے اعداد و شمار میں نمایاں فرق کی نشاندہی کی۔
آر ٹی او ساہیوال نے فروخت کی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے ایک خصوصی ٹیم کاروباری احاطے میں تعینات کی، جس نے مشاہدہ کیا کہ اعلان کردہ ٹرن اوور اور زمینی حقائق میں واضح تضاد موجود ہے۔
حکام کے مطابق تحقیقات کے بعد نفاذی کارروائی کا آغاز کیا گیا، جس کے نتیجے میں چیزیئس (Cheezious) کو 40 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی، جس پر عملدرآمد بھی کر دیا گیا۔
آر ٹی او ساہیوال کا کہنا ہے کہ ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی اور آمدن چھپانے کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ قومی محصولات میں اضافہ یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں:امریکا سے پیغامات کا تبادلہ جاری،عباس عراقچی نے بڑی خبر سنا دی















