راولپنڈی (اے بی این نیوز) تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دیا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا کی پوری ٹیم پاکستان کے خلاف 45ویں اوور میں 200 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو رینشا نے 61، میتھیو شارٹ نے 55 رنز بنائے۔ میتھیو کوہن مین نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عرفات منہاس نے 32 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ ابرار احمد نے 2 جبکہ کپتان شاہین آفریدی، سلمان آغا اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے آج ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کی ہے، پاکستان ایک ہزار ون ڈے میچز کھیلنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا اور بھارت ایک ہزار ون ڈے میچز مکمل کر چکے ہیں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ پاکستانی ٹیم آج ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں اپنا ایک ہزار واں میچ کھیل رہی ہے، ایک ہزارویں میچ میں شرکت اور اس کی کپتانی کرنا پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پوری ٹیم کے لیے تاریخی موقع ہے، ہم کوشش کریں گے کہ اچھی پرفارمنس پیش کریں اور میچ میں فتح حاصل کریں۔
قومی ٹیم میں شاہین آفریدی بطور کپتان، صاحبزادہ فرحان، معز صداقت، بابر اعظم، غازی غوری وکٹ کیپر، سلمان علی آغا اور عبدالصمد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شاداب خان، عرفات منہاس، حارث رؤف اور ابرار احمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ نوجوان کھلاڑی عرفات منہاس اپنا ون ڈے ڈیبیو کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی میں بغاوت؟ ناراض ارکان کا وزیراعلیٰ کیخلاف بڑا فیصلہ















