پشاور (اے بی این نیوز) خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے 20 سے زائد ارکان وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے نالاں ہیں۔
ذرائع کے مطابق ناراض اراکین کو شکایت ہے کہ صوبے میں گورننس اور امن و امان کی صورتحال ابتر ہے، وزیراعلیٰ بیوروکریسی کو منانے میں ناکام ہیں، افسران وزیراعلیٰ کی بجائے وفاقی حکومت کی بات سنتے ہیں۔
ناراض اراکین کو یہ بھی شکایت ہے کہ انہوں نے کئی بار وزیر اعلیٰ سے تحفظات کا اظہار کیا لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ ناراض ارکان کو فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم اور کابینہ میں توسیع پر بھی تحفظات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ناراض اراکین کا جلد اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے جس میں تحفظات پر غور اور حکمت عملی طے کی جائے گی۔
دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان کا کہنا ہے کہ اراکین صوبائی اسمبلی کی گروپ بندی سے متعلق خبریں جھوٹی، من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ تقسیم کا خواب دیکھنے والوں کو مایوسی ہوگی۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو تحریک انصاف کے بانی کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل شام طلب کرلیا ، پی ٹی آئی کے تمام ارکان کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس میں عمران خان کی رہائی اور آئندہ لائحہ عمل پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ناراض اراکین اسمبلی کی شرکت بھی متوقع ہے، ارکان اسمبلی اپنے گلے شکوے، امن و امان کی صورتحال سے متعلق وزیر اعلیٰ کو آگاہ کریں گے۔
مزید پڑھیں:بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش، اہم خبر سامنے آگئی















