اہم خبریں

فیلڈ مارشل کا دورہ ایران ایک اہم اشارہ ہے،خواجہ آصف کا بڑا بیان

اسلام آباد( اے بی این نیوز)‌ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایران کا دورہ اس بات کا اشارہ ہے کہ معاملات کسی حل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

سیالکوٹ میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور آہستہ آہستہ بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کو ایک بڑے بحران سے بچانے کی کوشش کر رہا ہے اور امید ہے کہ پاکستانی کوششیں کامیاب ہوں گی۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دعا ہے خطے سمیت پوری دنیا میں جلد امن قائم ہو تاکہ حالات معمول پر آ سکیں۔

معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے اعتراف کیا کہ مہنگائی نے عام آدمی کو شدید متاثر کیا ہے، خصوصاً محدود وسائل رکھنے والے طبقے کیلئے حالات زیادہ مشکل ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگی صورتحال کے باعث معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے، ریکوری کا عمل نہ صرف رک گیا بلکہ بعض شعبوں میں الٹا نقصان بھی ہوا ہے۔

خواجہ آصف کے مطابق اگر خطے میں امن قائم ہو جاتا ہے تو پاکستان کیلئے معاشی بہتری کی راہ ہموار ہوگی، کیونکہ حکومت کو بخوبی احساس ہے کہ عام شہری کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنتا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں‌:فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی صدر سے ملاقات، جانیے اہم تفصیلات

متعلقہ خبریں