اسلام آباد (اے بی این نیوز) درجہ چہارم کے ملازمین کے سفری الاؤنس کی ادائیگی کے لیے 70 ملین روپے کی خطیر رقم فوری طور پر جاری کر دی گئی جو گزشتہ 8 سال سے زیر التواء ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی مالیاتی اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان ریلویز نے ملازمین اور ٹھیکیداروں کے لاکھوں روپے کے طویل عرصے سے واجب الادا واجبات کی باقاعدہ ادائیگی شروع کردی ہے جس سے ملازمین اور اسٹیک ہولڈرز کا ادارے پر اعتماد بحال ہونا شروع ہوگیا ہے۔
ترجمان پاکستان ریلویز کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ درجہ چہارم کے ملازمین کے سفری الاؤنس کی ادائیگی کے لیے 70 ملین روپے کی خطیر رقم فوری طور پر جاری کر دی گئی ہے جو گزشتہ آٹھ سال سے زیر التواء ہے۔
طویل عرصے کے بعد واجبات ملنے پر ریلوے کے محنتی ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مختلف اسٹیشنز اور دفاتر پر ملازمین نے وفاقی وزیر ریلوے کے حق میں تعریفی نعرے بھی لگائے۔
مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے، پاکستان ریلویز نے کاروباری شراکت داروں اور ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ ریلوے کے ترقیاتی اور آپریشنل کاموں میں مصروف ٹھیکیداروں کے بقایا جات کی مد میں 290 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں تاکہ ترقیاتی کاموں کی رفتار متاثر نہ ہو۔
ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں کی بروقت اور بلا روک ٹوک ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے تمام چیک اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو پیشگی بھیج دیے گئے ہیں۔
ان اقدامات کو ریلوے کی نئی انتظامی حکمت عملی کی کامیابی قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ واجبات کی بروقت ادائیگی اور سخت مالیاتی نظم و ضبط پاکستان ریلوے کی درست اور شفاف انتظامی پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے، ہماری حکومت ریلویز کو دوبارہ مالیاتی خسارے سے نکال کر اسے خود مختار اور مستحکم ادارہ بنانے کے مشن کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان حالیہ اقدامات سے نہ صرف ملازمین کے حوصلے بلند ہوں گے بلکہ ریلوے کے پورے آپریشنل اور لاجسٹک نظام میں بھی نمایاں بہتری آئے گی جس کا براہ راست فائدہ پاکستانی عوام کو بہتر سفری سہولیات کی صورت میں پہنچے گا۔
مزید پڑھیں:عیدالاضحیٰ پر موسم کا بڑا اپڈیٹ،شہریوں کیلئے اہم خبر















