لاہور (اے بی این نیوز) ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز نے اندرون ملک کرایوں میں 15 ہزار سے 20 ہزار روپے تک کمی کر دی۔
نجی ٹی وی نیوز کے مطابق مسافروں کی کمی کے باعث اندرون و بیرون ملک جانے والی 120 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جب کہ اندرون ملک کرایوں میں 15 ہزار سے 20 ہزار روپے تک کمی کر دی گئی ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ شارجہ، بحرین، کویت، قطر، دبئی، دوحہ، استنبول اور فجیرہ سے 100 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی، اسلام آباد، ملتان، پشاور، سیالکوٹ، کوئٹہ اور فیصل آباد سے بھی 20 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کراچی سے 27، علامہ اقبال ایئرپورٹ سے 18، اسلام آباد سے 21، ملتان سے 9، پشاور سے 13، سیالکوٹ سے 4 اور فیصل آباد ایئرپورٹ سے 8 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان میں جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ایئرلائنز نے کرایوں میں اضافہ کیا تھا۔
ایئرلائن ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ایئرلائنز نے کرایوں میں اضافہ کیا، اندرون ملک پروازوں پر فی ٹکٹ 2800 سے 5000 روپے تک بڑھ گیا۔ کراچی سے لاہور، اسلام آباد اور دیگر اسٹیشنز کے کرایوں میں اضافہ کیا گیا اور بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں 10 ہزار سے 28 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم کا بجلی سےمتعلق بڑا فیصلہ















