اسلام آباد( اے بی این نیوز ) وفاقی وزیر برائے پاور سردار اویس احمد خان لغاری ( Owais Leghari )نے یورپی یونین کے وفد کو پاکستان کے پاور سیکٹر میں جاری جامع اصلاحات سے آگاہ کرتے ہوئے نجکاری اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت نے قومی گرڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کو اولین ترجیح دی ہے، جس کے تحت ملک بھر میں سمارٹ میٹرز کی تنصیب، ٹرانسمیشن لائنوں کی توسیع اور اپ گریڈیشن، بڑے پیمانے پر بیٹری اسٹوریج سسٹمز کا انضمام اور پاور سیکٹر کے آلات کی مقامی تیاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ڈاولینس کے سی ای او کے وارنٹ گرفتاری جاری، صارف عدالت کے حکم پر عمل نہ کرنے پر کارروائی
انہوں نے کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے، جہاں یورپی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
سردار اویس لغاری نے مزید بتایا کہ پرانے اور غیر مؤثر آر ایف او پاور پلانٹس کی فروخت بھی اصلاحاتی منصوبے کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق آئی جی سی ای پی پلان سے تقریباً 7000 میگاواٹ مہنگے پاور پلانٹس نکال کر پاکستان نے 17 ارب ڈالر کی بڑی بچت حاصل کی ہے۔
یورپی یونین کے وفد میں یورپی انویسٹمنٹ بینک اور یورپی سفارتی مشن کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔ وفد نے پاکستان میں پاور سیکٹر اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہوا ہے اور متعدد یورپی سرمایہ کار پاکستان کے توانائی منصوبوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔















