اسلام آباد (اے بی این نیوز) قومی دارالحکومت میں کفایت شعاری مہم کے تحت کاروباری اوقات میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کفایت شعاری مہم کے تحت کام کے نظرثانی شدہ اوقات کار 23 اپریل سے نافذ العمل ہوں گے، اسلام آباد میں تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے، تاہم فارمیسی، اسپتال، پیٹرول پمپ، سی این جی اسٹیشنز اور ڈیری شاپس کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے ریستوراں، تندور، گروسری اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 10 بجے تک بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہوم ڈیلیوری اور ٹیک وے سروسز پر وقت کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ شادی ہال، مارکیز اور تقریب کے مقامات کو بھی رات 10 بجے بند کرنا ہوگا۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کھیلوں کی سہولیات، کلبوں اور جموں کے لیے بھی رات 10 بجے کا وقت مقرر کیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئے کاروباری اوقات اگلے احکامات تک نافذ العمل رہیں گے، عوام اور تاجر برادری سے احکامات کی تعمیل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ جنگ کے معاملے پر بڑا فیصلہ سنا دیا















