وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایران ( iran)اور امریکا ( america)کے اہم وفود کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف روٹس پر ہائی الرٹ نافذ ہے جبکہ حساس مقامات کی کڑی نگرانی جاری ہے۔انتظامیہ کی جانب سے ان روٹس پر واقع عمارتوں کے مالکان سے سیکیورٹی سرٹیفکیٹس حاصل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ہدایت جاری کی گئی ہے کہ روٹ پر آنے والے گھروں، دکانوں، پلازوں اور ہوٹلز کے مالکان سیکیورٹی معاملات میں مکمل ذمہ داری کے پابند ہوں گے۔
گلگت بلتستان انتخابات کی تیاریاں تیز، بڑی سیاسی حکمت عملی سامنے آگئی
اسلام آباد پولیس نے واضح کیا ہے کہ وفود کی آمد و رفت کے دوران روٹس پر پارکنگ مکمل طور پر ممنوع ہوگی اور غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے گی۔
ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کے لیے بھی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن کے تحت تمام مہمانوں کا مکمل ریکارڈ رکھنا اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ متعلقہ تھانے میں جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت روکنا ہے۔انتظامیہ کے مطابق عمارتوں کی چھتوں، بالکنیوں اور کھڑکیوں سے نقل و حرکت کو بھی محدود کر دیا گیا ہے، اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں عمارت کے مالک کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا سیکیورٹی خدشے کی صورت میں فوری طور پر اطلاع دیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔















