لاہور ( اے بی این نیوز )پنجاب بھر کے تمام تھانوں میں بائیومیٹرک سسٹم نافذ کرنے کا اہم فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت اب ہر پولیس اسٹیشن میں نادرا کے تعاون سے بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ نئے احکامات کے مطابق بغیر بائیومیٹرک ویری فکیشن کے کسی بھی ملزم، مدعی یا شہری کا اندراج ممکن نہیں ہوگا، جس سے پولیس ریکارڈ کو مزید شفاف اور محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔
آئی جی پنجاب آفس کی جانب سے جاری مراسلے میں ہدایت دی گئی ہے کہ پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم میں بائیومیٹرک ماڈیول کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔ اس اقدام کا مقصد ملزمان اور شہریوں کی درست شناخت کو یقینی بنانا اور جعلی اندراجات یا غلط معلومات کے امکانات کو کم کرنا ہے۔
مراسلے کے مطابق صوبے کے تمام تھانوں میں سات روز کے اندر بائیومیٹرک ڈیوائسز کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ لاہور سمیت تمام اضلاع کے پولیس افسران کو فوری طور پر ڈیوائسز کے اسٹاک کی جانچ کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ پولیس اہلکاروں کی حاضری بھی اب بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے لگائی جائے گی تاکہ حاضری کے نظام میں شفافیت اور نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے نظام سے ملزمان اور شہریوں کی شناخت کا عمل نہ صرف تیز ہوگا بلکہ تفتیشی اور قانونی مراحل میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔ تمام متعلقہ افسران کو سات روز کے اندر کمپلائنس رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں : مری کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ،وجہ جا نئے کیوں















