اسلام آباد: (اے بی این نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے 9 اپریل کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں اپنا بڑا پاور شو منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفرید نے اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلسے کی تاریخ کا اعلان کیا اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پرامن احتجاج کے حق کا استعمال کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر انہیں روکا گیا تو پارٹی کے کارکن اپنے احتجاج کو ہر جگہ ریکارڈ کروائیں گے۔
سہیل آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ 9 اپریل 2022ء کو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تختہ الٹنا بند کمروں میں کیے گئے فیصلے کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سب کو سوچنا چاہیے کہ 4 سال میں پارٹی کہاں سے کہاں پہنچی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں ملک کی جی ڈی پی 6.1 فیصد تھی، لیکن آج ملک میں 45 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ عوامی مسائل کی نشاندہی اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔
پارٹی کے ترجمانان نے عوام کو اپیل کی کہ وہ 9 اپریل کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بڑی تعداد میں شریک ہوں اور پرامن احتجاج کے حق کا اظہار کریں۔
مزید پڑھیں:جماعت اسلامی کے رہنما پر فائرنگ ،جاں بحق ہوگئے















