اسلام آباد (اے بی این نیوز ) وفاقی حکومت نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر شہریوں کو فوری ریلیف دینے کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے دارالحکومت میں پبلک ٹرانسپورٹ کو 30 دن کیلئے مکمل طور پر مفت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر یہ سہولت فوری طور پر نافذ کی جا رہی ہے اور کل سے شہری بغیر کسی کرائے کے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کر سکیں گے۔ اس فیصلے کا مقصد عام آدمی پر بڑھتے ہوئے مالی دباؤ کو کم کرنا اور سفری اخراجات میں واضح کمی لانا ہے۔
حکومت کے مطابق اس منصوبے پر آنے والے تمام اخراجات وزارت داخلہ برداشت کرے گی، جس کیلئے تقریباً 35 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام موجودہ معاشی حالات میں عوام کو سہارا دینے اور شہری زندگی کو آسان بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف روزانہ سفر کرنے والے ملازمین، طلبہ اور مزدور طبقے کو فائدہ ہوگا بلکہ شہر میں ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہونے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایندھن کی بچت اور ماحولیاتی بہتری میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے بھی ایک بڑا ریلیف پیکج متعارف کروایا تھا، جس کے تحت صوبے بھر میں میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین، اسپیڈو بس اور گرین الیکٹرک بس کو مفت کر دیا گیا، جبکہ کسانوں کو ڈیزل سبسڈی اور موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول پر رعایت دینے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔حکومتی ذرائع کے مطابق اگر اس اقدام کے مثبت نتائج سامنے آئے تو مستقبل میں اس طرح کی سہولیات کو مزید بڑھانے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے، تاکہ عوام کو مستقل بنیادوں پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں :موسلادھار بارش،41 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا،شہر جل تھل ہو گیا















