اہم خبریں

موسلادھار بارش،41 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا،شہر جل تھل ہو گیا

کراچی ( اے بی این نیوز    )کراچی میں اپریل کے مہینے کی بارش نے گزشتہ اکتالیس برس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، جہاں صرف چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش نے شہر کو جل تھل ایک کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 38 اعشاریہ 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ماضی کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق اس سے قبل سن 1985 میں اپریل کے مہینے میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 37 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم اس بار ہونے والی بارش نے اس ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ بارش کا سلسلہ دو اپریل کی صبح مغربی موسمی سسٹم کے زیر اثر شروع ہوا، جبکہ دوپہر کے بعد موسلادھار بارش نے شہر کے مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ شہریوں نے سوشل میڈیا پر بارش کے مناظر، ٹھنڈے موسم اور پانی سے بھری سڑکوں کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں، جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

بارش کے باعث موسم خوشگوار اور خنک ہو گیا، جبکہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ گرمی سے پریشان شہریوں نے اس بارش کو خوش آئند قرار دیا، تاہم کئی علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل بھی سامنے آئے۔

مزید پڑھیں :ایران کی ایک اور تاریخی کامیابی،امریکہ کا فوجی طیارہ ایف 35 مار گرایا

متعلقہ خبریں