لکی مروت (اے بی این نیوز ) سبزی منڈی سرائے نورنگ کے قریب پولیس کی گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب گاڑی معمول کی گشت پر تھی، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 12 افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ زخمیوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں جو قریبی علاقے میں موجود تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، جسے دور سے نشانہ بنایا گیا۔
تمام زخمیوں کو فوری طور پر نورنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ حملہ آوروں تک پہنچا جا سکے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے حملوں کے پیچھے موجود عناصر کو جلد بے نقاب کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں :ٹر مپ کا دعویٰ،ایران نے مسترد کر دیا،آپسی بیانات کی جنگ تیز،نشتر چل گئے















