واشنگٹن ( اے بی این نیوز ) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے ایک امریکی اخبار کی رپورٹ نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کر لی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ کشیدگی کو بڑھائے بغیر اور آبنا ئے ہر مز کھولے بغیر ہی جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک معروف امریکی جریدے نے ٹرمپ انتظامیہ کے ایک عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ ٹرمپ نے اپنے مشیروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسی حکمت عملی اختیار کریں جس کے ذریعے جنگ کو آگے بڑھائے بغیر معاملات کو ختم کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق اس حکمت عملی میں اہم سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولنے کے بجائے سفارتی دباؤ کے ذریعے صورتحال کو حل کرنے کی کوشش شامل ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تہران کی اس اسٹریٹجک گزرگاہ پر گرفت برقرار رہے گی جبکہ اسے کھولنے کے لیے بعد ازاں ایک پیچیدہ اور مرحلہ وار حکمت عملی اپنائی جا سکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے سفارتی چینلز اور مذاکرات کو ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ فریقین کے درمیان کسی بڑے تصادم سے بچا جا سکے۔
ادھر وائٹ ہاؤس کے مطابق ایران کے ساتھ جاری مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، جس سے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ کشیدگی میں کمی ممکن ہے۔ تاہم اس سے قبل ٹرمپ کی جانب سے سخت موقف بھی سامنے آیا تھا، جس میں انہوں نے معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی تھی۔
مزید پڑھیں :پی ایس ایل ،اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ پشاور زلمی ،ٹاس تاخیر کا شکار















