اسلام آباد (اے بی این نیوز ) شہباز شریف نے متوسط اور کمزور طبقے کو مزید سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی متعدد تجاویز کو مسترد کیا گیا تاکہ عوام پر مزید بوجھ نہ ڈالا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت مشکل حالات میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ریلیف اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران ایندھن کے موجودہ ذخائر، بچت پالیسیوں اور عوامی سہولت کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ حکومتی بچت اقدامات سے حاصل ہونے والی رقم کو براہ راست عوامی ریلیف کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے یہ سہولتیں عام آدمی تک پہنچانے کی کوشش جاری ہے۔
وزیراعظم نے سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے اہم فیصلے بھی کیے، جن میں ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری بند کرنے کا حکم شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں قربانی کا آغاز حکومت خود اپنے اخراجات کم کرکے کر رہی ہے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملک میں ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ سپلائی میں کسی قسم کا تعطل نہ آئے۔ اس کے علاوہ موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان کی رجسٹریشن جلد مکمل کرنے اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر مزید ریلیف اقدامات پر بھی کام جاری ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی بحران کے باوجود بروقت فیصلوں کی بدولت ملک میں ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، جبکہ پاکستان خطے میں امن کے لیے سفارتی سطح پر بھی بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں :کوئٹہ سے خبر غم،جا نئے کتنے اہلکار شہید ہو گئے















