راولپنڈی (اے بی این نیوز )راولپنڈی میں حالیہ بارش نے شہری نظام اور نکاسی آب کی صورتحال کو نمایاں کر دیا ہے، جہاں مختلف نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے اور معمولات زندگی متاثر ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق صادق آباد، شکریال، کری روڈ اور کھنہ پل کے علاقوں میں پانی جمع ہونے سے گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ اسی طرح راجہ بازار، بھابڑا بازار اور محلہ چاہ سلطان میں بھی بارش کا پانی گھروں اور گلیوں میں داخل ہو گیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں نکاسی آب کا نظام دباؤ کا شکار نظر آیا، جبکہ شہریوں نے متعلقہ انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی متعدد صارفین نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور بہتر انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب مقامی سطح پر انتظامی اقدامات کے دعوے بھی کیے جا رہے ہیں، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ عملی اقدامات کی کمی کے باعث ہر بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔
مزید پڑھیں :نسیم شاہ قصور وار قرار،2 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا















