اہم خبریں

برطانیہ میں پٹرول، ڈیزل قلت،ہنگامی منصوبہ بندی ،محدود خریداری کا ممکنہ فیصلہ

لندن (اے بی این نیوز)برطانیہ میں پیٹرول اور ڈیزل کی ممکنہ قلت کے خدشات نے حکومتی سطح پر ہنگامی منصوبہ بندی کو تیز کر دیا ہے۔ صورتحال کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے حکام مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع بحران کی صورت میں ایندھن کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔اطلاعات کے مطابق حکومت ایک ایسے نظام پر غور کر رہی ہے جس کے تحت گاڑیوں کے لیے ایک بار میں محدود مقدار میں ہی ایندھن خریدنے کی اجازت ہوگی، اور اس کی ممکنہ حد تقریباً 30 پاؤنڈ فی خریداری رکھی جا سکتی ہے۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ اگر سپلائی متاثر ہو تو ہر شہری کو ضرورت کے مطابق ایندھن مل سکے اور ذخیرہ اندوزی کی صورتحال پیدا نہ ہو۔

برطانوی حکام کے مطابق یہ منصوبہ پرانے ہنگامی قوانین کے تحت تیار کیا جا رہا ہے اور اسے “میکسیمم پرچیز اسکیم” کے نام سے نافذ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے تحت ایندھن کی تقسیم کو کنٹرول کیا جائے گا اور ضروری سروسز کو ترجیح دی جائے گی، جن میں ایمبولینس، پولیس، فائر بریگیڈ اور پبلک ٹرانسپورٹ شامل ہیں۔دوسری جانب عالمی سطح پر جاری کشیدگی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے نے بھی صورتحال کو متاثر کیا ہے، جس کے باعث برطانیہ میں ایندھن کی قیمتیں حالیہ عرصے میں بلند سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ اسی تناظر میں حکومت نے قبل از وقت اقدامات کو ضروری قرار دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ بحران سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال ملک میں فوری طور پر کسی بڑے ایندھن بحران کا خطرہ نہیں، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر یہ منصوبے تیار رکھے جا رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر عالمی سپلائی چین متاثر ہوتی ہے یا بین الاقوامی سطح پر کشیدگی بڑھتی ہے تو ایسے اقدامات کو عملی شکل دی جا سکتی ہے۔عام شہریوں کے لیے فی الحال صورتحال معمول کے مطابق ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ملک کا ایندھن سپلائی نظام مضبوط ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں :ایران کے تابڑ توڑ حملے،امریکی طیارہ بردار جنگی جہاز ابراہم لنکن فرار

متعلقہ خبریں