اوڑیسہ (اے بی این نیوز) بھارتی فلم اور ٹی وی انڈسٹری سے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے جہاں معروف اداکار راہول ارونودی بینرجی سمندر میں پیش آنے والے حادثے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس اچانک واقعے نے مداحوں اور شوبز حلقوں کو غم میں مبتلا کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 43 سالہ اداکار بھارتی ریاست اوڑیسہ کے ساحلی علاقے تلساری میں ایک شوٹنگ کے سلسلے میں موجود تھے۔ اسی دوران وہ ایک کشتی میں سوار تھے کہ حادثاتی طور پر سمندر میں جا گرے۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں حرکت میں آئیں اور انہیں پانی سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
اداکار زیادہ تر بنگالی فلموں اور ٹیلی ویژن ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث پہچانے جاتے تھے اور انہوں نے اپنے فن سے ایک الگ مقام بنایا تھا۔ ان کی اچانک موت نے نہ صرف ان کے چاہنے والوں بلکہ پوری انڈسٹری کو صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔اہل خانہ کے مطابق ان کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ پریانکا سرکار اور ایک بیٹا شامل ہیں، جو اس المناک سانحے کے بعد گہرے دکھ میں مبتلا ہیں۔ سوشل میڈیا پر مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، جہاں لوگ ان کی یادوں اور کام کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں، جبکہ ساحلی علاقوں میں حفاظتی اقدامات پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
مزید پڑھیں :نمبر پلیٹس معاملہ، ڈیڈ لائن کی تاریخ بڑھا دی گئی،جا نئے نئی ڈیٹ بارے















