لاہور (اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بیٹی کے ساتھ ہونے پر ہر والد دنیا کا سب سے اہم شخص ہوتا ہے، اور مشکلات کے باوجود وہ اپنے والد کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی رہیں۔انہوں نے کہا کہ 2016 میں پانامہ کا جھوٹا کیس بنایا گیا تو وہ اپنے والد کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہوئیں۔ ان کے مطابق وہ مشکل حالات اور گرم ہواؤں کے باوجود اس عزم کے ساتھ وطن واپس آئیں کہ اپنے والد کو کسی مشکل میں اکیلا نہیں چھوڑیں گی، تاہم انہیں اڈیالہ جیل بھیجا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جیل میں حالات انتہائی سخت تھے اور وہاں ایسی صورتحال تھی جہاں سہولیات نہ ہونے کے برابر تھیں، یہاں تک کہ گرمی کی شدت بھی بہت زیادہ تھی اور عبادت کے لیے مناسب جگہ بھی میسر نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ وکیل نے انہیں خواتین ہونے کی بنیاد پر خصوصی رعایت لینے کا مشورہ دیا، مگر انہوں نے اس سے انکار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو میرٹ پر پرکھتی ہیں اور مشکل حالات کو کمزوری نہیں بلکہ تجربہ سمجھتی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ زندگی کے چیلنجز انسان کو مضبوط بناتے ہیں اور ہر مشکل دراصل ایک موقع ہوتی ہے۔ ان کے مطابق مخالفین ان پر تنقید کرتے ہیں مگر وہ اسے اپنی کامیابی کی علامت سمجھتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بطور خاتون وہ معیشت، زراعت اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف محکمے چلا رہی ہیں، اور آج پنجاب میں خواتین مختلف اہم عہدوں پر ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو اعتماد دیا جائے تو وہ غیر معمولی کارکردگی دکھا سکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ صوبے میں خواتین کے تحفظ کے لیے ورچوئل پولیس سٹیشن، پنک بٹن اور سیف سٹی جیسے اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ خواتین کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو محفوظ ماحول اور مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے نوجوانوں خصوصاً بچیوں کو پیغام دیا کہ وہ خود پر اعتماد رکھیں اور کبھی یہ نہ سمجھیں کہ وہ کسی سے کم ہیں۔
مزید پڑھیں :پاکستان میں تعمیراتی شعبے کیلئے جدید کنکریٹ حل متعارف، سیمنٹو کا منفرد اقدام















