اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان میں 5 جی سروس کے آغاز کے ساتھ ہی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں ایس آئی ایف سی کی مؤثر حکمت عملی کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں 300 سے زیادہ 5 جی سائٹس فعال ہو چکی ہیں، اور بڑے شہروں اور اہم مقامات پر سروس کی فراہمی شروع ہو گئی ہے۔
جاز کی 180 اور زونگ کی 150 فائیو جی سائٹس فعال ہیں جبکہ 103 موبائل برانڈز پر 2 ہزار 254 ڈیوائسز میں بھی 5 جی سروس فراہم کی جا رہی ہے۔
پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن نے 5 جی ٹیکنالوجی کے آغاز کو ملکی ڈیجیٹل ترقی کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا اور اس کامیاب نیلامی میں وزیرِاعظم، وزارت آئی ٹی، ایس آئی ایف سی اور پی ٹی اے کی کوششوں کو سراہا۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق 5 جی اسپیکٹرم کے ذریعے انٹرنیٹ کی رفتار اور معیار میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے ملک میں ڈیجیٹل ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔
نیلامی میں تین بڑی بین الاقوامی کمپنیاں اتصالات، چائنا موبائل اور ویون گروپ نے پاکستان میں 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ سرمایہ کاری کی ہے۔
اس کے علاوہ جاز (ویون گروپ) نے آئندہ 3 سالوں کے دوران پاکستان میں مزید ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
یہ سرمایہ کاری ملکی معیشت کی بحالی اور پائیدار ترقی کی سمت میں ایک واضح اشارہ ہے اور پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں نمایاں مواقع پیدا کرے گی۔
مزید پڑھیں۔پاکستان سپر لیگ 11 میں آج دو میچ شیڈول















