تہران ( اے بی این نیوز )پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کے براہ راست یا بالواسطہ مذاکرات کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی سفیر کا کہنا ہے کہ اب تک تہران اور واشنگٹن کے درمیان کسی بھی سطح پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے سے متعلق بیان کو بھی درست قرار نہیں دیا۔
ایرانی سفیر کے مطابق کچھ دوست ممالک دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے لیے ماحول سازگار بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم فی الحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی واضح کیا گیا ہے کہ امریکا پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا اور اس وقت کسی قسم کی بات چیت جاری نہیں۔یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ پاکستان ممکنہ مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے، جس پر مختلف عالمی حلقوں کی جانب سے ردعمل سامنے آیا۔
ادھر دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے حوالے سے پاکستان سے متعلق غلط اور غیر مصدقہ اطلاعات پھیلائی جا رہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق سفارتی معاملات میں احتیاط اور رازداری انتہائی اہم ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں :ایران نے اسرائیل کے مختلف علاقوں پربارود کی بارش کر دی















