اہم خبریں

ٹرمپ کا ایرانی پاور پلانٹس پر حملے ملتوی کرنےکا اعلان، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آگئی

واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ایرانی پاور پلانٹس پر حملے ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آگئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کے اعلان کے باعث تجارتی اوقات سے قبل ہی تیل کی قیمتیں تیزی سے گرگئیں۔

ٹرمپ کے اعلان کے بعد برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ کی قیمت 109 ڈالر فی بیرل سے 94 ڈالر آئی تاہم دوبارہ 97 ڈالر سے اوپر چلی گئی۔ اس وقت برینٹ کروڈ 100 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت بھی 10 فیصد تک کم ہونے کے بعد 88.80 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا اور ایران کی بہت مثبت بات چیت ہوئی ہے، مشرق وسطیٰ میں جنگ کے مکمل اور حتمی حل سے متعلق انتہائی اچھی اور نتیجہ خیز گفتگو ہوئی ہے، تفصیلی اور تعمیری بات چیت پورا ہفتہ جاری رہے گی،امریکی محکمہ جنگ سے کہا ہے کہ ایرانی پاور پلانٹس اور انرجی تنصیبات پر ہر قسم کے فوجی حملے پانچ دن کے لیے روک دیں۔

اس سے قبل امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 100 ڈالر سے بڑھ گئی تھی جب کہ برینٹ خام تیل کی قیمت 113 ڈالر فی بیرل سے بڑھ گئی تھی۔

دوسری جانب ویراعظم شہباز شریف نے لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول پر لیوی 100 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی لیٹر کردی۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق نچلے اور درمیانے طبقے کے زیر استعمال عام گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں، صرف لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول کی قیمت بڑھائی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں