لاہور (اے بی این نیوز )سابق وزیر اعظم نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔ جاتی عمرہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ عید کے موقع پر نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور حالیہ پیش رفت سے نواز شریف کو آگاہ کیا، جبکہ عوام کو پیٹرول کی قیمتوں میں ریلیف دینے سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔
اس موقع پر نواز شریف نے زور دیا کہ حکومت کو چاہیے کہ عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے مزید عملی اقدامات کیے جائیں، خاص طور پر مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہدایت دی کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
ملاقات کے بعد خاندان کے ہمراہ ظہرانہ بھی دیا گیا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غیر رسمی گفتگو بھی ہوئی۔ قبل ازیں وزیر اعظم اور نواز شریف نے اپنے والدین اور دیگر مرحومین کی قبور پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی۔
مزید پڑھیں :ایران نے ایک کروڑ ریال کا نیا کرنسی نوٹ جاری کر دیا















