اہم خبریں

عمران خان سے بیٹوں کی ملاقات، جمائما میدان میں آگئیں،جا نئے وزیر اعظم سے کیا اپیل کی

لندن (اے بی این نیوز   )سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے انسانی بنیادوں پر اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان کو فوری طور پر پاکستان آنے کے لیے ویزے جاری کیے جائیں تاکہ وہ اپنے والد سے ملاقات کر سکیں۔جمائما گولڈ اسمتھ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ان کے بیٹوں نے جنوری میں دوبارہ ویزا کے لیے درخواستیں جمع کروائی تھیں مگر ساٹھ دن گزرنے کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی قونصل خانے کے مطابق آن لائن ویزا کا عمل عام طور پر سات سے دس ورکنگ دنوں میں مکمل ہو جاتا ہے، لیکن ان کے بیٹوں کے کیس میں غیر معمولی تاخیر دیکھنے میں آ رہی ہے جس پر انہیں شدید تشویش ہے۔

انہوں نے اس بات کا بھی حوالہ دیا کہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو میں یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ عمران خان کے بیٹے پاکستان آ کر اپنے والد سے محفوظ طریقے سے ملاقات کر سکتے ہیں۔ جمائما نے کہا کہ اس بیان کے باوجود عملی طور پر اب تک کوئی پیش رفت نظر نہیں آ رہی جس سے سوالات پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سلیمان اور قاسم نے 2022 میں عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد سے اپنے والد کو نہیں دیکھا۔ ان کے مطابق بیٹوں کو اپنے والد سے فون پر بات کرنے یا خط و کتابت کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی، جس کی وجہ سے صورتحال مزید جذباتی اور حساس ہو گئی ہے۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کی کہ عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی خبروں کے پیش نظر بیٹوں کو فوری طور پر ملاقات کی اجازت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک باپ اور بیٹوں کی ملاقات کو سیاسی معاملات سے بالاتر ہو کر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیکھا جانا چاہیے۔یاد رہے کہ عمران خان اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور حالیہ دنوں میں ان کی صحت، جیل میں سہولیات اور قانونی معاملات پر ملک بھر میں سیاسی اور قانونی بحث جاری ہے۔
عمران خان, جمائما گولڈ اسمتھ, سلیمان خان, قاسم خان, شہباز شریف, اڈیالہ جیل, پاکستان سیاست, ویزا معاملہ, انسانی بنیادیں, سوشل میڈیا ٹرینڈ, پاکستان خبریں

مزید پڑھیں ایران کے تازہ تابڑ توڑ حملے، اسرائیل، اربیل، دبئی اور العدید پر میزائلوں کی بوچھاڑ،امریکی فوجی اہداف تباہ

متعلقہ خبریں