اسلام آباد (اے بی این نیوز )اسلام آباد ہائیکورٹ نے موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کے معاملے پر طلبا کو ریلیف دینے اور انہیں ہراساں نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانا ضروری ہے تاہم اس عمل میں طلبا کو مشکلات میں نہیں ڈالا جانا چاہیے۔
موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے حکومتی نمائندے سے استفسار کیا کہ ایم ٹیگ لگانے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کچہری دھماکے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ اقدام کیا گیا تھا کیونکہ اس واقعے میں موٹر سائیکل استعمال کی گئی تھی۔
سرکاری مؤقف میں کہا گیا کہ اس اقدام کا مقصد سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانا اور ممکنہ خطرات کو کم کرنا ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ عدالت نے اس موقع پر ریمارکس دیے کہ عوام کی حفاظت اہم ہے لیکن انتظامیہ کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ طلبا یا عام شہریوں کو غیر ضروری طور پر پریشان نہ کیا جائے۔
عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ انتظامیہ کو عدالتی آبزرویشن سے آگاہ کیا جائے اور اس حوالے سے تفصیلی جواب بھی جمع کرایا جائے۔ کیس کی مزید سماعت بعد میں کی جائے گی جبکہ عدالت نے واضح کیا کہ طلبا کو اس معاملے میں ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے۔















