اہم خبریں

عمران خان کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد (اے بی این نیوز) عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے عمران خان تک رسائی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

نجی نیوز کے مطابق عظمیٰ خان نے ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ پی ٹی آئی بانی کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے طبی معائنے اور علاج کے دوران ان تک رسائی دی جائے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق فوری اور بروقت معلومات فراہم کی جائیں۔ پی ٹی آئی کے بانی کا ان کی پسند کے ڈاکٹروں سے طبی معائنہ کرانے کے انتظامات کیے جائیں۔ ڈاکٹر خرم مرزا، ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو طبی معائنہ میں شامل کیا جائے۔

عظمیٰ خان نے درخواست کی ہے کہ عمران خان کے خون کے ٹیسٹ کرائے جائیں اور انہیں علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔ ڈاکٹروں، اہل خانہ اور وکلاء کو تحریک انصاف کے بانی کی نظر بندی اور علاج کے دوران ان تک مسلسل رسائی فراہم کی جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران‌خان کی گزشتہ 3 ماہ کی بلڈ ٹیسٹ، آنکھوں کے ٹیسٹ اور تشخیصی رپورٹس سمیت مکمل میڈیکل رپورٹس فراہم کی جائیں۔
مزید پڑھیں‌:گیس بحران شدت اختیار کر گیا، شہری طویل لوڈ شیڈنگ سے پریشان، جانیے تفصیلات

متعلقہ خبریں