اہم خبریں

بنگلادیش کے خلاف میچوں کی سیریز، 15 رکنی سکواڈ کا اعلان،جا نئے کون کون شامل

لاہور ( اے بی این نیوز   ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی بدستور ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ان کے ساتھ عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فیصل اکرم، حارث رؤف اور حسین طلعت کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج نے شائقین کو خاصا متجسس کر دیا ہے۔

ٹیم میں معاذ صداقت، محمد رضوان، شمائیل حسین، محمد وسیم جونیئر، محمد غازی غوری، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان اور سلمان علی آغا بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ کمبی نیشن ایشیائی کنڈیشنز میں بہتر نتائج دے سکتا ہے، خاص طور پر ڈھاکا کی اسپن ساز وکٹوں پر۔

دوسری جانب چند بڑے ناموں کی عدم شمولیت نے سب کو حیران کر دیا۔ صائم ایوب اور بابر اعظم کو ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے جبکہ فخر زمان، حسیب اللہ اور حسن نواز بھی اس سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ اس فیصلے پر مداحوں کی رائے منقسم دکھائی دے رہی ہے اور مختلف پلیٹ فارمز پر تجزیے جاری ہیں۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان یہ سیریز 11 سے 15 مارچ تک ڈھاکا میں کھیلی جائے گی۔ قومی ٹیم 9 مارچ کو روانہ ہوگی جہاں کھلاڑی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کے لیے پریکٹس سیشنز میں حصہ لیں گے۔ ماہرین کے مطابق یہ سیریز آئی سی سی رینکنگ اور آئندہ بڑے ایونٹس کی تیاری کے لیے نہایت اہم تصور کی جا رہی ہے۔

ادھر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے سلمان علی آغا اور شاہین آفریدی کی الگ الگ ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان نے سیریز کی حکمت عملی اور ٹیم کمبی نیشن پر گفتگو کی جبکہ سلمان علی آغا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید پڑھیں :28دن کے لئے پٹرول ،ڈیزل کاسٹاک دستیاب ہے،وزیرخزانہ

متعلقہ خبریں