سکردو(اے بی این نیوز)امن و امان کی غیر یقینی صورتحال کے باعث اسکردو، لنڈی کوتل اور شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کر دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسکردو میں تمام تعلیمی ادارے مزید دو روز تک بند رہیں گے۔ اسی طرح ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں پاک۔افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں کے سرکاری اسکول غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کا فیصلہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔
شمالی وزیرستان کے سرحدی دیہات میں بھی حالیہ سرحدی کشیدگی کے پیش نظر اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ طلبہ اور عملے کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان میں نگران وزیرِ اعلیٰ کی زیر صدارت اسپیشل اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں۔مارچ، اپریل، مئی میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی















