اہم خبریں

افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کی پاکستان کے خلاف کارروائیاں ناقابل قبول ہیں،وزیر اعظم

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )شہباز شریف نے جنرل ہیڈکوارٹرز کا اہم دورہ کیا جہاں عسکری قیادت نے انہیں پاک افغان سرحدی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق بریفنگ میں سرحدی سیکیورٹی، دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور جاری آپریشنز پر جامع آگاہی فراہم کی گئی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ فتنہ الخوارج اور افغان طالبان رجیم کے درمیان گٹھ جوڑ کے شواہد سامنے آ چکے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی دہشت گردی یا پراکسی کارروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ شرپسند عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور ریاست کی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کی پاکستان کے خلاف کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور ان کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ملکی دفاع کے لیے ہر دم تیار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

دورے کے دوران قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر مشاورت بھی کی گئی جبکہ عسکری قیادت نے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک پہنچائی جائیں گی۔

مزید پڑھیں :افغانستان کیساتھ لڑائی، پاکستان کے 12جوان شہید ہو ئے، طالبان کے 274مارے جاچکے،18 چوکیاں ہمارے قبضہ میں ہیں،ترجمان پاک فوج

متعلقہ خبریں