راولپنڈی (اے بی این نیوز) بیرون ملک سفر کے لیے جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جاری کیے جانے کا بڑا انکشاف سامنے آیا ہے۔ مری روڈ پر واقع ایک نجی لیب میں جعلی سرٹیفکیشن تیار کرنے والا یونٹ پکڑا گیا، جہاں سے جعلی دستاویزات، مہریں اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے نجی لیب پر چھاپہ مار کر کارروائی کی اور اپنی درخواست پر تین ملازمین کو گرفتار کرا دیا۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد شہریوں کو غیر قانونی طور پر جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جاری کرتے تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ نجی لیب کو سیل کر کے سامان تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ملزمان کے پاس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں تھا اور وہ منظم طریقے سے جعلی دستاویزات تیار کر رہے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ اب تک 26 سو سے زائد جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جاری کیے جا چکے ہیں اور ہر سرٹیفکیٹ ساڑھے 7 ہزار روپے کے عوض دیا جاتا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جعلی سرٹیفکیٹ کے اجراء کے پیچھے ایک منظم گروہ کارفرما ہے اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق ملزمان نے پنجاب ہیپاٹائٹس ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے اور سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہے، جس پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں :محبت کا اظہار کیا تو حیران رہ گئی، اب یہ میری دل و جان ہیں، دلہن ،ہنی مون کے لیے مالدیپ جا ئیں گے،حکیم بابر















