اہم خبریں

سام سنگ نے گیلیکسی ایس 26 متعارف کرا دیا، قیمت اور فیچرز کیا ہیں؟

اسلام آباد(اے بی این نیوز)جنوبی کوریا کے شہر سیول میں سام سنگ الیکٹرونکس نے اپنا نیا فلیگ شپ اسمارٹ فون گیلیکسی ایس 26 متعارف کرا دیا ہے، جس کی قیمت امریکا اور جنوبی کوریا سمیت اہم مارکیٹوں میں بڑھا دی گئی ہے۔

کمپنی نے یہ قدم ایسے وقت اٹھایا ہے جب میموری چپس کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اس سے کمپنی کے منافع پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سام سنگ نے امریکا میں ’گیلیکسی ایس 26‘ کی ابتدائی قیمت 899 ڈالر (ڈھائی لاکھ پاکستانی روپے) رکھی ہے، جو پچھلے ماڈل کے مقابلے میں تقریباً 4.7 فیصد زیادہ ہے۔

اس کے ساتھ ہی ’ایس 26 پلس‘ کی قیمت 1099 ڈالر (3 لاکھ 58 ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے، جس میں تقریباً 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ الٹرا ماڈل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جنوبی کوریا میں بنیادی ماڈل کی قیمت میں تقریباً 8.6 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

کمپنی نے اپنے نئے فون میں مصنوعی ذہانت کے جدید فیچرز شامل کیے ہیں، جن میں گوگل کا جیمنائی اے آئی سسٹم، پرپلیکسیٹی اے آئی کی ٹیکنالوجی اور سام سنگ کے اپنے اپ گریڈ شدہ بکسبی اسسٹنٹ شامل ہیں۔

اس اقدام کو اس لیے اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ گزشتہ سال سام سنگ اسمارٹ فون فروخت میں اپنی پہلی پوزیشن کھو کر ’ایپل‘ سے پیچھے ہو گیا تھا، جسے چین اور بھارت میں آئی فون کی مضبوط فروخت کا فائدہ ملا تھا۔

سام سنگ نے کچھ ایس 26 ماڈلز میں پہلی بار اپنے تیار کردہ ایگزینوس پروسیسر بھی استعمال کیے ہیں، جبکہ پچھلے ماڈل میں کوالکوم کے اسنیپ ڈریگن چپس استعمال کیے گئے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی سے سام سنگ کے اپنے چپ بزنس کو فائدہ ہو سکتا ہے اور کمپنی کے منافع میں بہتری آ سکتی ہے۔

کمپنی کے مطابق گیلیکسی ایس 26 الٹرا میں ایک نیا پرائیویسی ڈسپلے بھی دیا گیا ہے، جو اسکرین کو سائیڈ سے دیکھنے کو محدود کرتا ہے، جس سے صارف کی معلومات زیادہ محفوظ رہتی ہیں۔

سام سنگ نے اعلان کیا ہے کہ گیلیکسی ایس 26 سیریز کی فروخت 11 مارچ سے شروع ہو جائے گی۔

دوسری جانب چپ مارکیٹ پر نظر رکھنے والے ادارے ٹرینڈ فورس کے مطابق اس سال جنوری سے مارچ کے دوران ڈائنامک رینڈم ایکسس میموری (ڈی آر اے ایم) چپس کی قیمتوں میں 90 سے 95 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔

قیمتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ میٹا، مائیکروسوفٹ اور دیگر کمپنیاں مصنوعی ذہانت کے انفراسٹرکچر پر تیزی سے سرمایہ کاری کر رہی ہیں، جس سے میموری چپس کی مانگ بڑھ گئی ہے۔

ایپل کے سی ای او ٹم کُک نے بھی حال ہی میں کہا تھا کہ میموری چپس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا ایپل بھی اپنی مصنوعات کی قیمتیں بڑھائے گا یا نہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے مہینوں میں اگر چپس کی قیمتیں اسی طرح بڑھتی رہیں تو اسمارٹ فون مزید مہنگے ہو سکتے ہیں، جس سے صارفین کی خریداری کے فیصلوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کیخلاف کارروائیاں،12 گرفتار

متعلقہ خبریں