پشاور(اے بی این نیوز )پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے شدید خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف کے ساتھ طبی دہشت گردی کی گئی اور ان کی زندگی کے ساتھ مسلسل کھیل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا اور معلومات کو کنٹرول کیا جا رہا ہے، اور ذاتی معالجین اور فیملی کے بغیر رپورٹس نشر کی جا رہی ہیں، جس سے صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے۔
مراد سعید نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ تین سال سے عمران خان جیل میں ہیں اور مسلسل ان کی صحت کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ صحت کے حوالے سے سوالات کو سیاست کا نام کیسے دیا جا سکتا ہے؟ کیوں ان کے ڈاکٹرز سے ملاقات نہیں ہو رہی؟ کیوں فیملی ملاقات نہیں کر پا رہی؟ اور کیوں انہیں ہسپتال منتقل نہیں کیا جا رہا؟
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دور میں وزیرآباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا اور ان کو گولیاں لگیں، اللہ کی حفاظت سے وہ جان بخیر رہے، مگر اس کے باوجود بھی بیانیے بنائے گئے اور صورتحال پر قابو نہ پایا گیا۔ مراد سعید نے مطالبہ کیا کہ کنٹرولڈ چیک اپ، کنٹرولڈ انفارمیشن اور کنٹرولڈ میڈیا کی پالیسیوں کو ختم کر کے عوام کو شفاف اور درست معلومات فراہم کی جائیں تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ آخر کس چیز کو چھپایا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :ایف 16 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ















