اہم خبریں

سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،34خا رجی ہلاک کر دیئے گئے

راولپنڈی (اے بی این نیوز    )پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 34 خارجی ہلاک کر دیے۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ کارروائیاں گزشتہ چند دنوں کے دوران انسداد دہشتگردی مہم کے تحت انجام دی گئیں۔

بیان کے مطابق خیبرپختونخوا میں چار مختلف جھڑپوں کے دوران 26 خوارج مارے گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیے جہاں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب بلوچستان کے علاقے سمبازہ، ژوب میں کارروائی کے دوران مزید 8 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن کیا، جس کے بعد صورتحال کو کنٹرول میں لے لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ تمام کارروائیاں جاری انسداد دہشتگردی مہم کا حصہ ہیں اور ملک میں امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے فورسز پرعزم ہیں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔

مزید پڑھیں :بڑی خوشخبری ،پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر ختم،ای ویزا نظام متعارف

متعلقہ خبریں