اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستانی شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے۔ برطانیہ جانے والے افراد کو اب پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر لگوانے کی ضرورت نہیں رہے گی کیونکہ نیا ای ویزا نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کو سفری عمل میں اہم اور جدید پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق اب برطانیہ سفر کرنے والوں کو ویزا کی منظوری ای میل کے ذریعے موصول ہوگی اور ان کا امیگریشن اسٹیٹس مکمل طور پر ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کیا جائے گا۔ پاسپورٹ پر اسٹیکر چسپاں کرنے کا مرحلہ ختم کر دیا گیا ہے جس سے وقت کی بچت اور دستاویزات کے ضائع ہونے کا خطرہ کم ہوگا۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق ویزا درخواست بدستور آن لائن جمع کرانا ہوگی جبکہ بائیومیٹرکس کے لیے ویزا سینٹر حاضری لازمی قرار دی گئی ہے۔ تاہم بائیومیٹرکس کے بعد پاسپورٹ واپس لینے کے لیے دوبارہ سینٹر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، جو درخواست گزاروں کے لیے ایک بڑی سہولت ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کامیاب درخواست گزاروں کو امیگریشن اسٹیٹس کا ڈیجیٹل ریکارڈ جاری کیا جائے گا اور شیئر کوڈ کے ذریعے بارڈر پر اپنا ویزا اسٹیٹس باآسانی ثابت کیا جا سکے گا۔ ویزا پراسیسنگ کے وقت اور اہلیت کے معیار میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
جین میریٹ کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے درخواست کا ایک اہم مرحلہ ختم ہو گیا ہے اور شیئر کوڈ سسٹم کے ذریعے مسافروں کے لیے ویزا اسٹیٹس ثابت کرنا پہلے سے زیادہ آسان اور محفوظ ہو گیا ہے۔
مزید پڑھیں :اللہ خیر، زلزلے کے شدید جھٹکے،لوگ کلمہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے















