اہم خبریں

کوہاٹ میں پولیس موبائل کو نشانہ بنا دیا گیا، ڈی ایس پی سمیت 5 اہلکار اور 2 شہری شہید

کوہاٹ (اے بی این نیوز  ) خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں دہشت گردوں نے پولیس موبائل کو نشانہ بنا دیا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 5 اہلکار اور 2 شہری شہید جبکہ 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق کوہاٹ کے نواحی علاقے شکردرہ میں نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر اچانک فائرنگ کر دی۔ شہباز الہٰی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں ڈی ایس پی اسد محمود، ایس آئی انار گل سمیت 5 اہلکار شہید ہوئے جبکہ دو شہری بھی جان کی بازی ہار گئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق حملہ آور واردات کے بعد پولیس موبائل کو آگ لگا کر فرار ہو گئے۔ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری طلب کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی اور کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

مزید پڑھیں‌ :کراچی سے افسوسناک خبر، بچی سمیت 4 افراد زخمی

متعلقہ خبریں