اسلام آباد (رضوان عباسی) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2026 کی تیاریاں تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اجلاس جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیر صدارت ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔کمیشن نے ووٹر رجسٹریشن کے لیے یکم اپریل 2026 کو کوالیفائنگ ڈیٹ مقرر کی ہے اور اسسٹنٹ کمشنرز کو رجسٹریشن افسر کے طور پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہاجرین جموں و کشمیر جو پاکستان میں مقیم ہیں، ان کے لیے بھی خصوصی رجسٹریشن افسر مقرر کیا جائے گا۔
اراکین اسمبلی کو اثاثہ جات کے گوشوارے جمع کرانے کے لیے 10 دن کی مہلت دی گئی ہے اور گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کی رکنیت معطل کرنے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ سیاسی جماعتوں کو رجسٹریشن کا عمل فوری مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
کمیشن نے بلدیاتی ضمنی انتخابات کے لیے فنڈز کے اجرا کی یاد دہانی کرائی اور محدود وسائل کے پیش نظر پہلے مرحلے میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، غیر مسلم شہریوں کی علیحدہ انتخابی فہرستوں سے متعلق قانون سازی کے لیے حکومت کو مراسلہ بھی بھیجا جائے گا۔کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرست کے نظام کی بہتری اور فوری فنڈز کے اجرا پر زور دیا گیا ہے تاکہ انتخابات شفاف اور بروقت منعقد ہوں۔
مزید پڑھیں :پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 165 رنز کا ہدف دے دیا















