پشاور (اے بی این نیوز ) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت انہیں خفیہ طور پر ایک بڑے سرکاری اسپتال منتقل کرتی رہی ہے جہاں بصارت کے ماہر معالج کی سہولت موجود نہیں ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ بار بار مطالبہ کر رہے ہیں کہ عمران خان کا مکمل اور تسلی بخش علاج ان کے ذاتی معالجین اور اہل خانہ کی موجودگی میں کرایا جائے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت انہیں اہل خانہ اور ذاتی معالجین سے کیوں نہیں ملنے دے رہی۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ عمران خان کا علاج ایک نجی اور معروف اسپتال میں کرایا جانا چاہیے جہاں طبی سہولیات اور شفافیت کے حوالے سے مکمل اطمینان ہو۔ ان کے مطابق عمران خان کو دوسری مرتبہ خفیہ طور پر اسپتال منتقل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ معاملہ سنجیدہ نوعیت اختیار کر چکا ہے اور مناسب طبی توجہ نہ دینا تشویش کا باعث ہے۔
مزید پڑھیں :عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کو حادثہ پیش، زخمی ہو گئیں ،جا نئے تفصیل















