اہم خبریں

پی ٹی آئی کیلئے خوشخبری،عمران خان اور بشریٰ بی بی کے7 مقدمات کے حوالے سے اہم خبر،جا نئے تفصیلات

اسلام آباد (اے بی این نیوز  ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عمران خان ور بشریٰ بی بی کی مجموعی طور پر سات مقدمات میں ضمانتیں منظور کرلیں۔ عدالت نے پچاس، پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرنے کا حکم دیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی کی چھ اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے دونوں کی عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔

بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی کے واقعات، آزادی مارچ، اقدام قتل، توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور توشہ خانہ کی مبینہ جعلی رسیدوں سے متعلق مقدمات درج ہیں، جب کہ بشریٰ بی بی کے خلاف بھی توشہ خانہ کی مبینہ جعلی رسیدوں کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں زیر اندراج ہے۔سماعت کے دوران پراسیکیوشن ٹیم میں راجہ نوید حسین کیانی، مظہر بشیر اور طاہر کاظم عدالت میں پیش ہوئے۔ سرکاری وکلا کا مؤقف تھا کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اور وہ ضمانت کے حقدار نہیں، اس لیے درخواستیں مسترد کی جائیں۔

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ اس نوعیت کی ضمانت کی درخواستوں میں غیر معمولی تاخیر کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کیس میں ریاست کو 63 مرتبہ التواء دیا گیا، 30 مواقع پر عدالت نے جیل حکام کو پیشی کا حکم دیا مگر عملدرآمد نہیں ہوا، جبکہ پانچ بار سپرنٹنڈنٹ جیل کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔ وکیل کے مطابق وہ طبی بنیادوں پر نہیں بلکہ میرٹ پر ضمانت کے طلبگار ہیں۔

سلمان صفدر نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ 9 مئی کے مقدمات کے علاوہ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی کوئی درخواست مسترد نہیں ہوئی اور بعض مقدمات میں فرد جرم بھی عائد نہیں کی گئی۔ عدالت نے تمام دلائل مکمل ہونے کے بعد دونوں ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستیں منظور کرلیں۔

مزید پڑھیں :عید الفطر کو کتنی چھٹیاں ہو نگی،شیڈول آگیا،جا نئے تفصیلات

متعلقہ خبریں