اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) رکن اسمبلی شیر افضل مروت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پارٹی چیئرمین کو جواب دیتے ہوئے آئندہ علیمہ خان کے حوالے سے خاموش رہنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ محترم بیرسٹر گوہر صاحب، آپ کی بات میرے لیے حکم کا درجہ رکھتی ہے اور وہ اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ جھوٹے الزامات برداشت کرنا آسان نہیں ہوتا اور ہر شخص کے لیے اپنی صفائی پیش کرنا ایک فطری عمل ہے۔ ان کے مطابق بعض اوقات خاموش رہنا خود پر ظلم محسوس ہوتا ہے، تاہم وہ پارٹی قیادت اور ساتھیوں کے احترام میں اپنا ردعمل روک رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک کہاوت کے مطابق ایک ہندو نے اپنے مسلمان دوست کی خاطر گائے کا گوشت کھایا، محض دوستی اور احترام کے طور پر۔ اسی طرح وہ بھی بیرسٹر گوہر، شاندانہ اور شہریار آفریدی کے احترام میں اپنے ردعمل کو قربان کر رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مقدس رمضان المبارک کے مہینے میں وہ آئندہ علیمہ خان کے متعلق نہ کوئی اچھا کلمہ کہیں گے اور نہ ہی برا۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات خاموشی سب سے بلند جواب ہوتی ہے، الزام لگانا آسان جبکہ برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ کھل کر بات کرتے رہے ہیں مگر اب نظر انداز کرنا سیکھیں گے اور اس معاملے میں آئندہ ان سے کوئی شکایت نہیں ہوگی۔ انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر صبر، درگزر اور سچائی پر قائم رہنے کی دعا بھی کی۔
مزید پڑھیں :رمضان پیکج ،ہزاروں گھرانوں کو 10۔۔۔10 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں،نگہبان کارڈ گھر گھر تقسیم















