تہران (اے بی این نیوز )تہران سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق ایران نے امریکہ کو جوہری مذاکرات کے تناظر میں ایک بڑی معاشی پیشکش کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے امریکہ کو اپنی تیل کی صنعت میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔ ایک ایرانی عہدیدار کا کہنا ہے کہ زیر غور معاشی پیکج میں امریکی سرمایہ کاری کی گنجائش رکھی گئی ہے، تاہم ایران اپنے تیل اور معدنی وسائل کا کنٹرول کسی بھی ملک کے حوالے نہیں کرے گا۔ عہدیدار کے مطابق امریکہ ایران کا صرف معاشی شراکت دار ہو سکتا ہے، اس سے زیادہ کردار کی اجازت نہیں ہوگی، امریکی کمپنیاں ایرانی تیل اور گیس فیلڈز میں بطور ٹھیکیدار کام کر سکیں گی۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایرانی حکام نے یہ بھی اشارہ دیا ہے کہ پرامن جوہری افزودگی کے بدلے ایران علاقائی افزودگی کنسورشیم کے قیام پر غور کر سکتا ہے، جس کا مقصد خطے میں اعتماد سازی اور معاشی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات کا اگلا دور جلد متوقع ہے، دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باوجود سفارتی سطح پر رابطے جاری ہیں اور عالمی برادری ان مذاکرات کو خطے کے استحکام کے لیے اہم قرار دے رہی ہے۔
مزید پڑھیں :سیاسی درجہ حرارت بلند،انتخابات کی تیاریاں عروج پر، بڑے منصوبوں کا اعلان















