اسلام آباد (اے بی این نیوز )پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کی بحالی اور انتظامی امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے نئی ایڈہاک گورننس اور مینجمنٹ کمیٹی کے قیام کا اعلان کر دیا ہے، اس فیصلے کا مقصد ہاکی کے ڈھانچے کو ازسرِ نو منظم کرنا اور کارکردگی میں بہتری لانا بتایا گیا ہے۔
فیڈریشن حکام کے مطابق نئی کمیٹی انتظامی اصلاحات، شفافیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دینے کے لیے کام کرے گی، اس اقدام کے تحت قومی سطح پر ہاکی کے نظام کو مؤثر اور جوابدہ بنانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ بین الاقوامی سطح پر ٹیم کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق اولمپئن حسن سردار اور اصلاح الدین کو پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کا شریک چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، دونوں سابق کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ان کی ذمہ داری ہاکی کے فنی اور پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنانا ہوگی۔
فیڈریشن کے مطابق ایڈہاک کمیٹی قومی ٹیم کی سلیکشن، کوچنگ اسٹاف کے معیار اور تربیتی پروگرامز کی نگرانی کرے گی، اس کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک اسٹرکچر کو مضبوط بنانے، نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش اور جدید تربیتی سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قومی کھیل کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور ہاکی کو دوبارہ عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، کمیٹی جلد اپنی سفارشات اور عملی منصوبہ پیش کرے گی تاکہ اصلاحاتی عمل کو فوری طور پر آگے بڑھایا جا سکے۔
مزید پڑھیں :خصوصی رمضان ریلیف پیکج ،13 ہزار روپے کی مالی امداد کی تقسیم کا آغاز ،اپنی اہلیت چیک کریں















