اسلام آباد(اے بی این نیوز) وزیراعظم الیکٹرک موٹر سائیکل سکیم کے تحت سستی موٹر سائیکلیں اور رکشے کیسے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے سی ای او حماد منصور نے حکومت کی جانب سے ای وی سکیم میں الیکٹرک موٹر سائیکل اور رکشوں پر دی جانے والی سبسڈی سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہاہے کہ الیکٹرک موٹر سائیکل سکیم میں آئندہ 5 سال کے لیے 100 ارب مختص کیے گئے، وزیراعظم نے رواں مالی سال کے لیے 9 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس سکیم کے تحت رواں سال ایک لاکھ 16 ہزار موٹر سائیکلوں پر فی موٹر سائیکل 80 ہزار روپے کی سبسڈی دی جائے گی جبکہ الیکٹرک رکشہ سکیم کے تحت ہر رکشے پر 4 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
سی ای اوانجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ نے کہا کہ سکیم کے تحت وزیراعظم ای وی بائیکس کی قیمت دیگر برانڈز سے 50 سے 60 ہزار سستی ہے، اس سکیم کے تحت جون تک 76 ہزار موٹر سائیکل فراہم کرنے کا ہدف ہے۔
حماد منصور کے مطابق اس سکیم سے صرف وہی مستفید ہو سکتے ہیں، جن کی عمر 18 سال سے زائد اور وہ ڈرائیور لائسنس بھی رکھتے ہیں، وزیراعظم کی الیکٹرک موٹر سائیکل 100 فیصد شفاف ہے اور اس سکیم کے تمام مراحل خودکار نظام سے منسلک ہیں، الیکٹرک موٹر سائیکل نہ صرف ماحولیاتی آلودگی سے بچاتی ہے بلکہ ہر ماہ پٹرول کی مد میں 8 ہزار روپے کی بچت بھی کرے گی۔
مزید پڑھیں: بھارت کا ایک اور تیجس لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ















