اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے عمران خان کے خلاف وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دائر ہرجانے کی درخواست پر اہم حکم جاری کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو مزید کارروائی سے روک دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا، جس پر ٹرائل کورٹ میں کارروائی جاری تھی۔ تاہم عمران خان کی جانب سے اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے پر معاملہ سپریم کورٹ پہنچا، جہاں جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے عمران خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو آئندہ سماعت تک مزید کارروائی سے روک دیا اور شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ کیس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا تاکہ معاملے کو حتمی شکل دی جا سکے۔
سماعت کے دوران جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیے کہ دوسری جانب سے آج کوئی پیش نہیں ہوا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقدمے میں ان کا اختلافی نوٹ موجود ہے جبکہ دو ججز نے حق دفاع ختم کرنے کے فیصلے کو درست قرار دیا تھا۔ عدالت نے اس نکتے پر بھی غور کیا کہ اگر ٹرائل کورٹ نے دو مختلف تاریخوں پر عمران خان کے زخمی ہونے کو تسلیم کیا تھا تو پھر حق دفاع کیسے ختم کیا جا سکتا ہے۔
عمران خان کے وکیل علی ظفر نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ٹانگ میں گولی لگی تھی جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکے، لیکن ٹرائل کورٹ نے عدم پیروی کی بنیاد پر ان کا حق دفاع ختم کر دیا۔ عدالت نے سوال کیا کہ ہرجانے کا دعویٰ کتنی رقم کا ہے جس پر وکیل نے بتایا کہ 10 ارب روپے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں :بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ،جا نئے فی یونٹ کتنی مہنگی ہو ئی















