امتحانات کے طریقۂ کار میں اہم تبدیلیوں کا اعلان، ای مارکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ،جا نئے مزید تفصیلات
لاہور: ( اے بی این نیوز ) لاہور بورڈ نے امتحانات کے طریقۂ کار میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے نویں جماعت کے پریکٹیکل امتحانات میں ای مارکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد شفافیت کو یقینی بنانا، شکایات کا خاتمہ کرنا اور امتحانی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔
لاہور بورڈ کے زیرِ اہتمام ہونے والے امتحانات میں نئی پالیسی کے تحت نہ صرف نویں جماعت کے طلبہ کے پریکٹیکلز باقاعدہ لیے جائیں گے بلکہ ان کے تھیوری حصے کو بھی سینٹرلائزڈ مارکنگ سینٹر میں چیک کیا جائے گا۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر نے بتایا کہ پریکٹیکل امتحانات کے دوران انویجیلیٹرز کی جانب سے مس مینجمنٹ کی متعدد شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پریکٹیکل لینے والے ایگزامنر کو 30 میں سے مکمل 30 نمبر دینے کا اختیار حاصل تھا جس کا بعض اوقات غلط استعمال بھی کیا جا رہا تھا، اس صورتحال کو ختم کرنے کے لیے فوری اصلاحات کی ضرورت تھی۔
سیکرٹری بورڈ کے مطابق وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور مزمل محمود کی ہدایات پر پریکٹیکلز کی سینٹرلائزڈ مارکنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب پریکٹیکل کے تھیوری حصے کو بھی بورڈ کے مرکزی مارکنگ سینٹر میں چیک کیا جائے گا جبکہ لیبارٹریز میں کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ امتحانی عمل کی مکمل نگرانی ممکن ہو سکے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کا سدباب کیا جا سکے۔
ای مارکنگ کے نظام کے تحت طلبہ کو خصوصی ای شیٹ فراہم کی جائے گی جس میں ہر سوال کے لیے مخصوص جگہ مختص ہو گی۔ جب جوابی کاپیاں بورڈ آفس پہنچیں گی تو انہیں اسکین کر کے مختلف حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ایگزامینرز کو سینٹر پر آنے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ انہیں خصوصی آئی ڈی فراہم کی جائے گی جس کے ذریعے وہ گھر بیٹھے آن لائن کاپیاں چیک کر سکیں گے۔ حکام کے مطابق ایگزامینرز کی کارکردگی کو رئیل ٹائم کیمروں کے ذریعے مانیٹر بھی کیا جائے گا تاکہ شفافیت برقرار رہے۔
مزید بتایا گیا کہ پہلے ایک ایگزامینر پر بڑی تعداد میں مکمل پرچے چیک کرنے کا بوجھ ہوتا تھا، تاہم نئے نظام کے تحت مختلف جوابی کاپیوں سے صرف مخصوص سوالات ایگزامینر کو بھیجے جائیں گے جس سے جانچ کا عمل تیز اور مؤثر ہو گا۔ پورے پنجاب میں فرسٹ ائیر کے پہلے سالانہ امتحان میں آئی سی ایس کا پیپر ای مارکنگ کے تحت لیا جائے گا جبکہ آئندہ دو سے تین برسوں میں تمام امتحانات کو مکمل طور پر ای مارکنگ سسٹم پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں :سونا،چاندی اپ ڈیٹ، فی تولہ قیمت کیا ہو گئی،جا نئے تفصیلات















