اہم خبریں

سابق کرکٹر ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گئے

راولپنڈی(اے بی این نیوز) پاکستان کرکٹ کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور معروف کوچ میاں فیاض احمد 67 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔

اہل خانہ کے مطابق ہارٹ اٹیک کے بعد انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

میاں فیاض احمد کا شمار پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کے تجربہ کار اور باصلاحیت کھلاڑیوں میں ہوتا تھا، انہوں نے 13 سال تک فرسٹ کلاس کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ آف اسپن باؤلنگ ان کی خاص پہچان تھی۔ اپنے کیریئر کے دوران 64 فرسٹ کلاس میچز میں انہوں نے 191 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک اننگز میں 26 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ان کی بہترین بولنگ کارکردگی رہی۔

وہ لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن، ملتان ریجن، پاکستان آٹو موبائل کارپوریشن، گورنرز الیون اور پاکستان انویٹیشنل الیون کی نمائندگی کر چکے تھے، اپنے دور میں انہوں نے جاوید میانداد، عبدالقادر اور وسیم اکرم جیسے نامور کرکٹرز کے ساتھ میدان میں کرکٹ کھیلی۔

کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی میاں فیاض احمد نے کرکٹ سے رشتہ برقرار رکھا اور مختلف کالجز اور کرکٹ اکیڈمیز میں بطور کوچ خدمات انجام دیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور رہنمائی ان کی زندگی کا مشن تھا، ان کی کوچنگ سے کئی باصلاحیت کرکٹرز نے نمایاں مقام حاصل کیا۔

ان کی وفات پر ملک بھر کی کرکٹ برادری میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سابق کھلاڑیوں، اسپورٹس منتظمین اور شائقین کرکٹ نے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میاں فیاض احمد ایک محنتی کھلاڑی، مخلص استاد اور باوقار انسان تھے۔

مزید پڑھیں۔رمضان المبارک میں 13 ہزار روپے حاصل کرنے کا طریقہ جانیے

متعلقہ خبریں