اہم خبریں

پی ٹی آئی رہنماؤں کا جیل سے خط، اہم تفصیلات منظرعام پر آ گئیں

لاہور (اے بی این نیوز) کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے ایک خط میں مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی صحت پر سیاست بند کی جائے اور ذاتی ڈاکٹروں کی مدد سے ان کا علاج کرایا جائے۔

کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ نے وکیل رانا مدثر عمر کے ذریعے بھیجے گئے خط میں رمضان المبارک میں احتجاجی سرگرمیاں ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست بند کی جائے اور ذاتی ڈاکٹروں کی مدد سے ان کا علاج کرایا جائے اور پارٹی بانی چیئرمین کے لیے عدالتوں میں مزید کارروائی کا اہتمام کرے، عہدیداروں، وکلا اور بہنوں کی ملاقاتوں کو یقینی بنایا جائے۔

قید رہنماؤں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کو پارلیمانی حکمت عملی اپنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کور کمیٹی، سیاسی کمیٹی بحث کر کے اتفاق رائے سے فیصلہ کرے، فیصلوں کو تحریری ریکارڈ میں محفوظ کیا جائے اور پارٹی پالیسی کو میڈیا اور عوام تک پہنچایا جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ فعال کارکنوں کو تربیت اور منظم کیا جائے اور بلدیاتی انتخابات کے لیے بھرپور تیاریاں کی جائیں، قومی مسائل کو اجاگر کیا جائے، غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور دہشت گردی کو ہر سطح پر اجاگر کیا جائے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے صدر آصف علی زرداری کے عمران خان سے متعلق بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان مشکل حالات میں باوقار جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:افسوسناک خبر! رہائشی عمارت میں سلنڈر دھماکا، ملبے سے 16 لاشیں نکال لی گئیں، 13زخمی

متعلقہ خبریں