اسلام آباد ( اے بی این نیوز )اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان پیکیج کے تحت مستحق خاندانوں کو فوری مالی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اضافی فنڈز ضرورت اور دستیاب مالی گنجائش کے مطابق جاری کیے جائیں گے۔ اعلامیے کے مطابق کم آمدنی والے گھرانوں کو ایک بار نقد مالی امداد دی جائے گی تاکہ وہ رمضان المبارک میں بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔
کمیٹی نے آپریشنل اخراجات کے لیے ایک ارب روپے کی اصولی منظوری بھی دی ہے اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اخراجات کی تفصیلی رپورٹ وزارت خزانہ کو جمع کرائی جائے۔ ادائیگیاں بینکنگ اور ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے براہ راست مستحقین تک پہنچائی جائیں گی تاکہ شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مستحقین کا انتخاب نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری کے ڈیٹا کی بنیاد پر کیا جائے گا تاکہ امداد حقیقی ضرورت مند افراد تک پہنچے۔ وزارت خزانہ کے مطابق سوشل پروٹیکشن سپورٹ میں اضافے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تاکہ معاشی دباؤ کا شکار طبقات کو مزید سہارا دیا جا سکے۔
کمیٹی نے ریلیف کی بروقت ادائیگی کے لیے فوری اقدامات کی توثیق کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ غیر استعمال شدہ فنڈز مقررہ مالی قواعد کے مطابق واپس کیے جائیں۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے شفافیت، احتساب اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ رمضان میں مستحق طبقات کو باوقار اور بروقت ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں :عمران خان کو دوسرا انجکشن 25 فروری کو لگا یا جا ئیگا،جیل میں یا ہسپتال میں ،تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا















