اسلام آباد( اے بی این نیوز )سینیٹر فیصل واوڈا نے سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے اس بیان پر سخت ردعمل دیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو دو مرتبہ ڈیل کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے قبول نہیں کی۔ فیصل واوڈا نے اس دعوے کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بتایا جائے کہ یہ پیشکش کب، کہاں اور کیسے کی گئی یا یہ صرف ایک سیاسی بیان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بقول رانا ثناء اللہ بانی پی ٹی آئی نے مبینہ ڈیل قبول نہیں کی تو پھر موجودہ سیاسی حلقوں کو خود کو خوش قسمت سمجھنا چاہیے۔ ان کے مطابق اگر ایسی کوئی مفاہمت ہو جاتی تو اس کے بعد سیاست کا رخ مختلف ہو سکتا تھا اور کئی سیاستدانوں کو سخت سیاسی مقابلے کا سامنا کرنا پڑتا۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کسی کے پیچھے جانے والے نہیں بلکہ دیگر سیاسی رہنما ہی ان کے ردعمل سے خائف رہتے ہیں۔ انہوں نے رانا ثناء اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہوا میں تیر چلانے سے گریز کریں اور ٹھوس شواہد کے ساتھ بات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرانی طرز کی سیاسی چالیں اب مؤثر نہیں رہیں اور سیاست میں نئی سوچ اور سنجیدہ طرز عمل کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انسان کی عادت بدلی جا سکتی ہے لیکن فطرت نہیں، اور سیاسی رویوں میں مستقل مزاجی کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ فیصل واوڈا کے بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے جبکہ رانا ثناء اللہ یا دیگر متعلقہ رہنماؤں کی جانب سے تاحال اس بیان پر کوئی تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا۔















